جنگ نہیں مذاکرات، بھارت نے معاملات بگاڑے ، راہ فرار اختیار کر رہا ہے :وزیر خارجہ شاہ محمود 

May 24, 2021

اسلام آباد، لاہور (خبر نگار + خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے بھارت سے جنگ نہیں مذاکرات چاہتے ہیں۔ مگر  بھارت راہ فرار اختیار کر رہا ہے۔ نیویارک میں وطن واپسی سے قبل ایک تقریب سے خطاب میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ معاملات بھارت نے بگاڑے، ازالہ بھی بھارت کو ہی کرنا ہے۔  پاکستان گفتگو سے نہیں گھبراتا، کیونکہ ہم سچائی پر ہیں۔ پاکستان کا مئوقف درست اور مضبوط ہے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کے حالات کو دیکھ کر آنکھیں نم ہوتی ہیں۔ آج مقبوضہ کشمیرکی بھی وہی صورتحال ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں سرچ آپریشن کے نام پر کشمیریوں کو اٹھایا جا رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں جنازہ پڑھنے کی اجازت نہیں ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میں نے صدرجنرل سیکرٹری سے کہا کہ مسئلہ فلسطین حل نہیں ہوگا تو مشرق وسطیٰ میں امن نہیں ہوگا۔ مقبوضہ کشمیر میں امن نہیں ہوگا تو جنوبی ایشیا کے خطے میں امن نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین اور مصر کے وزرائے خارجہ نے بتایا کہ آپ کی کوششیں رنگ لے آئی ہیں۔ اسرائیل جنگ بندی پر راضی ہوگیا۔ مشن کی کامیابی کے بعد پاکستان لوٹ رہا ہوں۔ شاہ محمود قریشی، فلسطین امن سفارتی مشن، کے حوالے سے دورہ نیویارک مکمل کرنے کے بعد واپس وطن روانہ، جان ایف کینیڈی ائرپورٹ پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم، امریکہ میں پاکستان کے سفیر اسد مجید خان اور سفارتخانے کے سینئر افسران نے وزیر خارجہ کو الوداع کیا۔ وزیر خارجہ نے فلسطین کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر مسلم امہ و مختلف علاقائی ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطے کیے اور انہیں نہتے فلسطینیوں پر جاری مظالم کی روک تھام کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی دعوت دی۔ فلسطین کے حوالے سے او آئی سی وزرائے خارجہ ایگزیکٹو کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں وزیر خارجہ نے فلسطین کی صورتحال پر پاکستان کے مؤقف کو واضح اور دو ٹوک الفاظ میں پیش کیا۔ اسکے بعد نیویارک سے وطن واپس پہنچنے پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے ائرپورٹ پر شاہ محمود قریشی کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جس مقصد کیلئے وزیراعظم نے مجھے بھیجا اس میں کامیاب ہوا۔ فلسطین میں سیز فائر کا اعلان ہو گیا ہے۔ اﷲ نے فلسطینیوں کی بات سنی اور سیز فائر ہو گیا۔ ہمارا مقصد فلسطینیوں کی شہادت اور قبلہ اول کی بے حرمتی بند کرانا تھا۔ مسجد اقصیٰ کے مناظر نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا۔ مسئلہ کشمیر حل ہونے تک برصغیر میں یہ چنگاری سلگتی رہے گی۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو مسئلہ کشمیر میں بھی کردار ادا کرنا ہو گا۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے صدر نیشنل مشائخ کونسل خواجہ غلام قطب الدین فریدی کا ٹیلی فونک رابطہ‘ دونوں رہنماؤں نے فلسطین‘ کشمیر اور امت مسلمہ کے مسائل پر تفصیلی گفتگو کی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتے۔ پوری دنیا سمجھ لے کہ پاکستان فلسطینیوں اور کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ کشمیر پر کسی قسم کی سودے بازی نہیں کرینگے۔

مزیدخبریں