اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+خبر نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی حالت پر بے اختیار ہنسی اور ترس آتا ہے، بدترین مہنگائی، بیروزگاری، معیشت کی تباہی، کرپشن کے نت نئے سکینڈلز سامنے آ رہے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی پریس کانفرنس کا جواب دیتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ چوری، نااہلی اور کشمیر فروشی کا جواب نہیں تو عوام کو گمراہ کرتے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ نوازشریف اور مریم نواز عوام کی ترجمانی کرتے ہیں، آٹا، چینی، بجلی گیس، دوائی چوروں کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں۔ اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھانا سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا ذاتی معاملہ ہے، اس پر بات نہیںکرنا چاہتی ہوں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران مریم اورنگزیب نے چوہدری نثار کے حلف سے متعلق سوال پر نوکمنٹس کہہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو شرم آنی چاہیے کہ وہ نوازشریف اور شہبازشریف کے منصوبوں پر تختیاں لگا رہے ہیں، یہ ن لیگی ترجمان نے موجودہ حکومت پر ادارہ شماریات کا ڈیٹا چرانے کا الزام لگایا اور کہا کہ یہ ڈیٹا چوری کرتے اور ن لیگ کے منصوبوں پر تختیاں لگاتے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا، پنجاب میں کرپشن کا بازار گرم ہے، اربوں روپے کی چوری جاری ہے، یہ چور، فراڈیئے، ڈکیت صرف دیہاڑیاں لگا رہے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کے لیے شہزاد اکبر نے چوری جاری رکھی ہوئی ہیں، معاون خصوصی احتساب کو بہت جلد قانونی معاون کی ضرورت پڑے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سپریم کورٹ تک شہبازشریف کیخلاف جاتے ہیں اور پھر چور دروازے سے بھاگ جاتے ہیں۔ ن لیگی ترجمان نے کہا کہ کشمیر کا سودا کرنے والے آج نوازشریف اور مریم نواز کے فلسطین پر بیان آنے کے طعنے دیتے ہیں۔