لاہور‘ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے وفاقی وزیر مذہبی امور بین المذاہب ہم آہنگی پاکستان پیر نور الحق قادری سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ پر وحشیانہ بمباری کر کے اپنے چہرے کی سیاہی میں مزید اضافہ کیا ہے۔ اس ظلم وبر بریت کو بھلایا نہیں جا سکتا۔ اسرائیل کی طرف سے سیز فائر پوری ملت اسلامیہ کی عظیم کامیابی ہے۔ پیر نور الحق قادری نے بادشاہی مسجد میں بعد نمازجمعہ غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیل مردہ باد مظاہرہ کے انعقاد پر مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد سے کہا کہ فلسطین کیلئے آپ کے جذبات قابل ستائش ہیں۔ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا عبدالخبیرآزاد اور چیئرمین اسلامی آئیڈیالوجی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے سنٹرل پولیس آفس میں آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور زیر غور آئے۔ رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد اور چیئرمین اسلامی آئیڈیالوجی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے اسلام آباد پولیس عوام کی فلاح کیلئے کیے جانیوالے اقدامات کی تعریف کی۔ رمضان المبارک اور عیدالفطر کے دوران اسلام آباد پولیس نے بہترین سکیورٹی انتظامات کیساتھ ساتھ کرونا وائرس کی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کروانے میں قابل ستائش اقدام کئے۔
نور الحق قادری سے ملاقات‘ اسرائیلی بربریت کو بھلایا نہیں جا سکتا: عبدالخبیر آزاد
May 24, 2021