لاہور، کراچی (خصوصی نامہ نگار+سپورٹس رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) جماعت اسلامی کراچی نے شارع فیصل پر فلسطین مارچ کیا گیا۔ شرکاء ٹیپو سلطان پل سے نرسری پہنچ گئے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے فلسطین مارچ سے خطاب کرتے کہا کہ القدس کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔ پوری دنیا ملکر بھی فلسطینیوں کو شکست نہیں دے سکتی۔ ہمارے حکمرانوں نے او آئی سی اجلاس میں مذمتی قرارداد منظور کی۔ قراردادوں سے فلسطین اور کشمیر آزاد نہیں ہو گا۔ فلسطین میں 300 لوگ شہید اور ہزاروں زخمی ہوئے۔ مذمتی بیانات اور قراردادیں ناقابل قبول ہیں۔ جن مسلم ممالک نے اسرائیل کو تسلیم کیا وہ فیصلے پر نظر ثانی کریں۔ اسرائیل سعودی عرب پر بھی قبضہ کرنا چاہتا ہے۔ اسرائیل کا اگلا ہدف ترکی‘ افغانستان اور پاکستان ہے۔ امریکہ نے اسرائیل کو اسلحہ فروخت کیا۔ کفر سے فریاد کرنا کہاں کی عقلمندی ہے۔ اسرائیلی مظالم کے شکار مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کراچی میں سائیکل ریلی نکالی گئی۔ منتظمین کا کہنا تھا کہ احتجاج کے ساتھ ساتھ فلسطینی عوام کو مالی مدد کی بھی ضرورت ہے۔ سائیکل ریلی سی ویو سے شروع ہوئی اور کلفٹن سے ہوتی ہوئی کراچی پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکاء کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام کیلئے ان کی ہی سرزمین قیدخانہ بن چکی ہے۔ ادھر سنی تحریک نے بھی فلسطینیوں سے یکجہتی کے لئے ریلی نکالی، ثروت اعجاز قادری نے کہا اسرائیل ناجائز ریاست ہے۔ او آئی سی مظالم بند کرانے میں کردار ادا کرے، عالمی عدالت انصاف اسرائیلی جبر کا از خود نوٹس لے۔ کشمیر ،فلسطین کی صورتحال ایک جیسی ہے۔ عالم اسلام کے تمام ممالک مل کر ایک مشترکہ فوج قبلہ اول کی حفاظت کے لیے فلسطین میں داخل کریں کیونکہ جب بھارت کی افواج سری نگر میں داخل ہو سکتی ہیں اور اسرائیلی فوج مسجد اقصیٰ میں داخل ہو سکتی ہیں تو مسلم ممالک کی افواج فلسطین میں قبلہ اول کی حفاظت کے لیے کیوں داخل نہیں ہو سکتیں۔ اگر آج ملک میں کوئی غیرت مند حکمران ہوتا تو اسرائیل اور بھارت کے خلاف دوٹو ک اور جرات مندانہ مئوقف اختیارکرتے ہوئے ناجائز ریاست اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کا واضح اعلان کرتا۔ حکومت بھارت سے خفیہ مذاکرات کررہی ہے۔ اگر حکمرانوں نے کشمیر پر کوئی سودا بازی کی تو اسلام آباد میں ان کا گھیراؤ کریں گے۔ 30مئی کو پشاور میں عظیم الشان ’’القدس ملین مارچ‘‘ ہوگا۔ حماس کے سربراہ وسابق وزیر اعظم فلسطین اسماعیل حانیہ نے فلسطین مارچ کے شرکاء سے ویڈیولنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسلامیان پاکستان، اہل کراچی اور جماعت اسلامی کے قائدین اور کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کرنے ، مسجد اقصیٰ پر گولہ باری کرنے ،اسرائیلی دہشت گردی وجارحیت اور مظلوم ونہتے مسلمانوں پر ظلم و ستم ڈھانے کے خلاف آواز اٹھانے پر اظہار تشکر پیش کرتا ہوں۔ مارچ سے امیرجماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی، امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن، نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی، اقلیتی برادری کے رہنما یونس سوہن ایڈوکیٹ، شیعہ علماء کونسل کے علامہ غلام محمد کراروی، مجلس وحدت المسلمین کے علامہ صادق جعفری، کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر نعیم قریشی ایڈووکیٹ ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ سراج الحق نے کہاکہ آج کا مارچ جہاد اور جدوجہد کا مارچ ہے۔ فلسطین، کشمیر کی آزادی کا مارچ ہے۔ ہم فلسطینی قیادت کو پیغام دے رہے ہیں کہ ان کے شہدا ء ہمارے شہدا ء ہیں اور ان کے شہداء کے خون کا بدلہ لیں گے۔ کیا ہی اچھا ہوتا کہ ہمارے حکمران بھی ہمارے ساتھ شریک ہوتے ،ہم نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے رابطہ کیا اور کہاکہ عالم اسلام کے ملکوں کا اجلاس بلایا جائے OICکی سطح پر اورعالمی سطح پر امت کے اتحاد کا پیغام دیں اور اسرائیل کے خلاف جہاد کا اعلان کریں ۔OICنے جو قرارداد مذمت پاس کی ہے اس سے فلسطین آزاد نہیں ہو سکتا۔
کراچی میں فلسطین مارچ : اسلامی ممالک قبلہ اول کی حفاظت کیلئے فوج بھجیں : سراج الحق
May 24, 2021