راولپنڈی(آئی این پی)وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے ملکی معاشی اعشاریوں پر اپوزیشن کی تنقید پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی معاشی ترقی کے ''نقار خانے'' میں اپوزیشن کی تنقیدی ''طوطیوں'' کی آواز کوئی نہیں سن رہا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک کو کھڈے لائن لگا کر بھاگ جانے والوں کو ملک کی معاشی کایا پلٹنے کے امید بھی نہیں تھی۔ موجودہ معاشی اعشارویوں کا موازنہ 2018 کے ن لیگی دور سے کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج غیر ملکی ترسیلات زر 24.2 بلین ڈالرز کی ریکارڈ سطح پر ہیں جبکہ 2018 میں غیر ملکی ترسیلات زر تین سال سے 19.9 بلین ڈالرز پر منجمند تھیں۔ یہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا وزیراعظم عمران خان کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ 2018 میں ن لیگی دور کے اختتام پر پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 19.2 بلین ڈالر پر تھا جبکہ رواں سال مارچ تا جولائی میں کرنٹ اکاؤنٹ 959 ملین ڈالر سرپلس پر آنے کی پیشن گوئی ہے ۔