رحیم یار خان(بیورو رپورٹ) پاکستان میں رواں سال کپاس کی متوقع بھر پورپیداوار اور جون سے سندھ میں پھٹی کی آمد سے روئی اور پھٹی کے ریکارڈ ایڈوانس سودوں کا تیزی سے آغاز۔ ذرائع کے مطابق تین جون سے دس جون تک ڈیلوری کی بنیادپر پھٹی کے پانچ ہزار تین سو روپے فی چالیس کلوگرام سے پانچ ہزار سات روپے تک جبکہ روئی کے ایڈوانس سودے دس جون ڈیلیوری کی بنیاد پر بارہ ہزار دو سو روپے فی من سے بارہ ہزار پانچ سو روپے فی من تک طے پا گئے جبکہ آئندہ چند دنوں تک روئی اور پھٹی کے مزید ایڈوانس سودے طے پانے کے روشن امکانات۔سینئر کاٹن جنرز نے بتایا کہ روئی اور پھٹی کے طے پانے والے یہ سودے ملکی تاریخ میں سب سے اونچے نرخوں پر طے پانے والے سودے ہیں جس سے توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ رواں سال پھٹی کی اوسط قیمت چھ ہزار روپے فی چالیس کلو گرام جبکہ روئی کی تیرہ ہزار روپے فی من تک رہنے کے امکانات ہیں جس کی بڑی وجہ پاکستان کے پاس کاٹن پراڈکٹس کے ریکارڈ برآمدی آرڈرز ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بحیرہ عرب میں گزشتہ ہفتے کے دوران آنے والے طوفان’’تاؤتے‘‘ سے سندھ کا کاٹن بیلٹ مکمل طور پر محفوظ رہنے سے پاکستان میں کپاس کی فصل کے بڑے پیمانے پر تباہی کے اثرات ٹل جانے کے باعث روئی کے ایڈوانس سودوں میںتیزی کا رجحان سامنے آیا ہے کیونکہ پاکستانی ٹیکسٹائل ملز کو اس وقت اپنے بمدی آرڈرز پورے کرنے کے لئے برکینو فاسو اور آئیوری کوسٹ سمیت دیگر ویسٹ افریقی ممالک سے روئی درآمد کرنا پڑ رہی ہے۔