کراچی(اسپورٹس رپورٹر ) پاک سری لنکا ویمنز کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ٹرافی سے پردہ اٹھ گیا۔دونوں ٹیموں کی کپتانوں بسمہ معروف اور چماری اتاپتو نے ٹرافی کے ہمراہ فوٹو سیشن کیا، یہ پہلا موقع ہے جب پاکستانی سرزمین پر دونوں ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلیں گی۔سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ(آج)منگل کو ساوتھ اینڈ کلب میں کھیلا جائیگا جبکہ دوسرا میچ چھبیس اور تیسرا اٹھائیس مئی کو ہوگا، ون ڈے سیریز بھی ساوتھ اینڈ کلب میں کھیلی جائیگی۔واضح رہے کہ سال دوہزار پانچ کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب سری لنکن ویمنز ٹیم پاکستان کا دورہ کررہی ہے اس سے قبل وہ ایشیا کپ کیلئے کراچی آئی تھی۔گذشتہ روز سری لنکا کیخلاف وائٹ بال سیریز کے لیے قومی خواتین اسکواڈ کا اعلان کیا گیا تھا، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سری لنکا کے خلاف وائٹ بال سیریز کے لیے گل فیروزہ اور لاہور سے صدف شمس کو پندرہ رکنی قومی خواتین اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔