امریکہ اورپاکستان: دوطرفہ تجارت کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے،رینڈی پیرز

اسلام آباد (اے پی پی)بروکلین چیمبر آف کامرس کے صدر اور سی ای او رینڈی پیرز نے کہا ہے کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کیلئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ اس ضمن میں پاکستانی تاجروں کو امریکہ میں سرمایہ کاری کے مواقع اور پاکستان کیلئے انوسٹر تلاش کرنے میں بھی مددفراہم کی جائے گی۔یونائیٹڈ بزنس گروپ کے صدر زبیر طفیل، یو ایس پاکستان انٹرنیشنل چیمبر آف کامرس کے صدر سجاد قمر اور یو ایس پی آئی سی سی کے سیکرٹری جنرل ملک سہیل حسین سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے برآمد کنندگان اور درآمد کنندگان کے لیے شاندار مواقع فراہم کرتا ہے اور ہم ملبوسات اور ٹیکسٹائل، بائیوٹیکنالوجی، فوڈ پروسیسنگ، حلال فوڈز، چاول، ملبوسات اور دستکاری میں دلچسپی رکھتے ہیں ۔پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں امریکا کے تعاون کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ نے ہمیشہ پاکستان کی معیشت کو سہارا دینے کے لئے کوششیں کی ہیں۔ زبیر طفیل، سجاد قمر اور ملک سہیل نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے لیے بہت اہم ملک ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ تاجر رہنمائوں نے کہا کہ بروکلین اپنی ترقی یافتہ فوڈ انڈسٹری کے لیے جانا جاتا ہے اور ہم برآمدات، درآمدات اور مشترکہ منصوبوں کے مواقع تلاش کر رہے ہیں ۔

ای پیپر دی نیشن