لاہور(کامرس رپورٹر )فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ریجنل چیئرمین ندیم قریشی نے کہاکہ ڈالر کو کنٹرول کرنے کیلئے ملک میں سیاسی استحکام انتہائی ضروری ہے۔موجودہ سیاسی صورتحال معاشی معاملات کو مزید خراب کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب تک تمام جماعتیں مل بیٹھ کر معیشت کی بہتری کے لیے اقدامات نہیں اٹھائیں گی تب تک ڈالر کو کنٹرول نہیں کیا جا سکتا ہے۔ موجودہ صورتحال میں میثاق معیشت پر غور کرنے کی اشد ضرورت ہے۔معاشی پالیسیوں میں تسلسل کے فقدان نے بھی مشکلات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ نہ صرف مقامی سرمایہ کاروں و تاجروں کو غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے بلکہ غیر ملکی سرمایہ کار بھی عدم دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ند یم قریشی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت میں مسلسل بے لگام اضافے کی وجہ سے معیشت کو تباہ کن نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا، روپے کی قدر مستحکم کرنے کیلئے حکومت، سٹیٹ بنک کو فوری طور پر کردار ادا کرنا چاہیے۔
ڈالرکے کنٹرول کیلئے ملک میں سیاسی استحکام انتہائی ضروری :ندیم قریشی
May 24, 2022