کرونا کی نئی اقسام ، این سی او سی کی تشکیل نو کردی گئی 

اسلام آباد (خبر نگار) وزیر اعظم نے قومی ادارہ صحت میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی تشکیل نو کر دی۔ کووڈ-19 کی نئی اقسام کے سامنے آنے کے تناظر میں وزیر اعظم آفس کی طرف سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر NCOC وزیر اعظم، اسلامی جمہوریہ پاکستان کی ہدایات کے تحت نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ، اسلام آباد پاکستان میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنل سینٹر (این سی او سی) کی تشکیل نو کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام متعلقہ وزارتیں اور ڈائریکٹوریٹ اپنے کردار اور مقاصد کے مطابق این سی او سی کے آپریشنز میں معاونت کرتے رہیں گے۔ قومی وزیر برائے صحت  این سی او سی کے امور کی  صدارت کریں گے۔ این سی او سی قومی سطح پر صحت عامہ کی ہنگامی صورتحال کی روک تھام، سراغ رسانی، نگرانی اور ردعمل کے ساتھ ساتھ تمام صوبوں اور علاقوں کے ساتھ ہم آہنگی کو آسان بنانے کے لئے اپنی کارروائیوں میں توسیع کرے گا۔ ادھر قومی ادارہ برائے صحت (این آئی ایچ) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 13ہزار 78کرونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 49افراد کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کیے گئے مثبت کرونا ٹیسٹ کی شرح 0.37فیصد رہی اور کوئی مریض کرونا وائرس کی وجہ سے جان بحق نہیں ہوا جبکہ قومی ادارہ برائے صحت کے مطابق87مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

ای پیپر دی نیشن