بیجنگ، اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ، خصوصی نامہ نگار) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاک چین تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا سنگ بنیاد ہیں۔ پاکستانی حکومت اور تمام سیاسی جماعتیں پاک چین تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہیں۔ چین کا تجویز کردہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو بہت متاثر کن منصوبہ ہے جو عالمی سطح پر بہت اقتصادی صلاحیت کا حامل ہے۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے تحت ایک اہم تعاون کا پروگرام ہے۔ سی پیک سے پاک چین اقتصادی تعاون میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان کو سی پیک سے نہ صرف پاکستانی بلکہ چینی سرمایہ کاروں کیلئے بھی اقتصادی مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ نئی پاکستانی حکومت سی پیک پر چین کے ساتھ تعاون بڑھانے کی خواہشمند ہے۔ ہم سی پیک کے دوسرے فیز میں داخل ہورہے ہیں۔ سی پیک کے دوسرے فیز میں صنعتی اور خصوصی معاشی زونز شامل ہیں۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری صدر ورلڈ اکنامک فارم کی دعوت پر سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس پہنچ گئے ۔ تر جما ن دفتر خا رجہ کے مطا بق وزیر مملکت خارجہ حنا ربانی کھر بھی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ ہیں۔ اس سال فورم کے اجلاس کا عنوان ہے" تاریخ ایک دوراہے پر سرکاری پالیسیاں اور کاروباری حکمت عملیاں"۔ وزیر خارجہ ابھرتی ہوئی جغرافیائی اور سیاسی پیشرفت کے اقتصادی اور سماجی اثرات اور کرونا وباء سے پیدا ہونے والے مسائل تحفظ خوراک و توانائی اور موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں پاکستان کانکتہ نظر بیان کریں گے۔ وہ اس سالانہ اجلاس میں شرکت کرنے والے اپنے ہم منصبوں سے ملاقات کریں اورمیڈیاسے بھی گفتگو کریں گے۔