چیف جسٹس عمر عطا بندیال دنیا کی  100 بااثر شخصیات میں شامل

May 24, 2022


واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکی جریدے ٹائم میگزین نے 2022ء کی 100 با اثر شخصیات کی فہرست جاری کی ہے جس میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال بھی شامل ہیں۔ فہرست میں سیاست دان، فنکار اور کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ امریکی میگزین نے دنیا کے بااثر رہنمائوں کی فہرست میں چیف جسٹس عطا عمر بندیال کو یوکرائنی صدر ولودومیر زیلنسکی، چین کے صدر شی جن پنگ، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن، امریکی صدر جو بائیڈن سمیت دیگر رہنمائوں کے ساتھ شامل کیا۔ جریدے میں چیف جسٹس کا تعارف اعتزاز احسن نے تحریر کیا جس میں لکھا گیا نرم مزاج چیف جسٹس آف پاکستان ملک میں بڑھتے سیاسی درجہ حرارت کی روک تھام کا کام کر رہے ہیں۔ ٹائم میگزین کی اس فہرست میں آرٹسٹ، انوویٹیو، ٹائٹنز، لیڈرز، آئیکونز اور پایونیرز کیٹگریز میں لوگوں کو شامل کر کے بااثر ترین قرار دیا گیا تھا۔ ایپل کے سی ای او ٹم کک، اوپرا وانفرے، گوتم اڈانی، کیانو ریورز، رافیل نڈال اور سیمو لیو کے نام بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔

مزیدخبریں