اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ہائیڈرو پاور جنریشن، قیمتی پتھروں، جواہرات و زیورات اور سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں لہذا اسلام آباد کی بزنس کمیونٹی ان مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے جبکہ آزاد کشمیر حکومت اس سلسلے میں ان کو ہرممکن سہولت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں 9ہزار میگاواٹ پن بجلی پیدا کرنے کی عمدہ صلاحیت موجود ہے جس کو استعمال میں لا کر پاکستان میں لوڈشیڈنگ ختم کی جا سکتی ہے جبکہ اس سے کاروبار اور صنعتوں کو بھی فائدہ پہنچے گا لہذا انہوں نے پاکستان کے نجی شعبے پر زور دیا کہ وہ خطے میں پن بجلی کے چھوٹے منصوبے لگا کر اس صلاحیت سے فائدہ اٹھائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے کہا کہ اسلام آباد کی تاجر برادری آزاد کشمیر میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے اور اس بات پر زور دیا کہ آزاد کشمیر سرمایہ کاری بورڈ انہیں ایسی کوششوں میں ہرممکن سہولت فراہم کرے۔
آزادکشمیر میں سر مایہ کا ری کے وسیع مواقع موجو د ہیں : بیر سٹر سلطان
May 24, 2022