کراچی(نیوز رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے29مئی کو مزار قائد سے نکلنے والے ’’حقوق کراچی کارواں ‘‘ کے سلسلے میں جاری رابطہ عوام مہم کے دوران ضلع ائیر پورٹ کا دورہ کیا۔ معززین کے ساتھ نشستوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پورے ملک اور صوبے کو چلاتا ہے لیکن اسے اس کا حق نہیں دیا جاتا ۔ہمارا مطالبہ ہے کہ کراچی کو اس کا جائز اور قانونی حق دیا جائے ، پورے ملک کی 54فیصد ایکسپورٹ کراچی سے ہوتی ہے ، کل ٹیکس کا 42فیصد کراچی سے وصول کیا جاتا ہے ، قومی خزانے میں 67فیصد ریونیو اور صوبے کے بجٹ کا 95فیصد انحصار کراچی پر ہوتا ہے لیکن افسوس کہ ساڑھے تین کروڑ آبادی والے شہر کے مکینوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں ، سخت گرمی کے باوجود شہری لوڈشیڈنگ کے عذاب میں مبتلا ہیں ، پبلک ٹرانسپورٹ عملاً موجود نہیں ، اہل کراچی بالخصوص خواتین اور بزرگ چنگ چی رکشوں اور خستہ حال ویگنوں اور کوچوں میں سفر کرنے پر مجبور ہیں ، سرکاری ملازمتوں میں یہاں کے اہل اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ان کے حق سے محروم رکھا گیا ہے ۔ مردم شماری میں شہر کی آدھی آبادی غائب کر دی گئی ، اہل کراچی کے ساتھ اس حق تلفی اور ظلم و زیادتی کے جرم میں موجودہ اور ماضی کی تمام وفاقی و صوبائی حکومتیں ، اور تمام حکمران پارٹیاں نواز لیگ ، پیپلز پارٹی ، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم برابر کی شریک ہیں ۔ صرف جماعت اسلامی نے اہل کراچی کی حقیقی ترجمانی کا حق ادا کیا ہے ۔ جماعت اسلامی ہی عوام کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ، عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں اور بار بار دھوکہ دینے والوں کو مسترد کر دیں ، امیر ضلع ائیر پورٹ توفیق الدین صدیقی ، نائب امراء اشرف چوہدری ، عمر فاروق ، سیکریٹری ضلع محمد فرحان و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری او دیگر بھی موجود تھے ۔