گالیاں برسانے والوں نے گولیاں برسانا شروع کردیں، قانون کو ہاتھ میں لیا گیا،جواب دینا ہوگا
عمران خان دہشت گرد ہے، مارچ کی آڑ میں ملک میں خانہ جنگی کی سازش کررہے ہیں،بیان
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مقتول پولیس اہلکار کے خون کے ذمہ دار عمران خان اور شیخ رشید ہیں۔ انہوں نے یک بیان میں کہا کہ اسلام آباد کی طرف خونی مارچ کا اعلان کرنے والوں کا حساب لیں گے، ماڈل ٹائون میں فائرنگ کے باعث قتل ہونے والے پولیس اہلکار کے خون کے ذمہ دار عمران خان اور شیخ رشید ہیں، پولیس پر فائرنگ سے یہ بات ثابت ہوگئی کہ یہ سیاسی سرگرمی نہیں، عمران خان اور انکے حواری پرامن مارچ نہیں چاہتے۔ گالیاں برسانے والوں نے اب گولیاں برسانا شروع کردی ہیں، قانون کو ہاتھ میں لیا گیا ہے جس کا جواب دینا ہوگا۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بے گناہ پولیس اہلکار کمال احمد کے سینے میں لگی گولی ثبوت ہے کہ عمران خان دہشت گرد ہے، وہ مارچ کی آڑ میں ملک میں خانہ جنگی کی سازش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار کمال احمد کے قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے، ملک میں خانہ جنگی، افراتفری، فساد اور انتشار کو قانون کے راستہ روکنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ شہید پولیس اہلکار کے اہل خانہ کو شہدا پیکج دیں گے، شہید اہلکار کے اہل خانہ کی کفالت اور بچوں کی تعلیم کی ذمہ داری حکومت لے گی،عوام کے جان ومال کی حفاظت کا فرض پورا کریں گے، شہید کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، اللہ تعالی شہید کے درجات بلند فرمائے، اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔ آمین ۔