وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے بدھ کو میٹرو بس سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ میٹرو بس سروس بند کرنے کا فیصلہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اعلان کردہ لانگ مارچ کی وجہ سے کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مختلف پرائیوٹ اسکولز نے بھی کل چھٹی کا اعلان کیا ہے اور جاری امتحانات ملتوی کردیے ہیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے محفوظ رہنے کے لیے حفظ ماتقدم کے طور پر دفعہ 144 بھی نافذ کردی ہے اور شہر کے داخلی راستوں کی بندش کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے اعلان کیے گئے لانگ مارچ سے قبل کسی ناگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب اور صوبہ سندھ میں آئین کی دفعہ 144 نافذ کرکے 5 سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ریڈ زور اور اس کے اطراف میں آئندہ دو ماہ تک 5 سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ضلعی انتظامیہ نے ریڈ زون کے علاوہ جناح ایونیو، فورتھ ایونیو، تھرڈ ایونیو، کشمیر چوک پر بھی اجتماع اور احتجاجی مظاہروں پر پابندی عائد کردی ہے۔ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ دفعہ 144 کا نفاذ ممکنہ احتجاج، ریلی اور دھرنوں کے سبب کیا گیا ہے، آئندہ 2 ماہ تک کے لیے ریڈ زون اور اس کے اطراف میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔
میٹرو بس سروس کل بند رہے گی، اسکولز میں بھی چھٹی کا اعلان
May 24, 2022 | 18:13