کارکن پارٹی نہیں چھوڑ رہے، زبردستی چھڑائی جارہی ہے : عمران 

May 24, 2023

اسلام آباد (آئی این پی + این این آئی) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی چھوڑنے والوں سے متعلق سوال پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ آپ کی جماعت میں سے مسرت چیمہ اور جمشید چیمہ پارٹی چھور کر جا رہے ہیں، اس پر عمران خان نے کہا کہ یہ پارٹی چھوڑکر نہیں جا رہے، ان سے زبردستی پارٹی چھڑوائی جا رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ مجھے اپنی پارٹی کی خواتین کی گرفتاری کا سب سے زیادہ دکھ ہے۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی رہنما شیریں مزاری کی دوبارہ گرفتاری کی مذمت کی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عدالت کی جانب سے رہائی کے احکامات جاری ہونے کے بعد شیریں مزاری کی اڈیالہ کے باہر سے گرفتاری کی شدید مذمت کرتا ہوں، یہ حکومت پست ترین سطح تک گرتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیریں مزاری کی صحت کی صورتحال نازک ہے، عدالتوں کی جانب سے ضمانت ملنے کے باوجود انہیں دوبارہ گرفتار کر کے اس آزمائش کا نشانہ بنانا محض ان کی اعصاب شکنی کی کوشش ہے۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ شیریں مزاری کا حوصلہ نہیں ٹوٹے گا کیونکہ ان میں ایسے کئی لوگوں سے زیادہ ہمت ہے جن سے آج تک میرا اپنی زندگی میں واسطہ پڑا ہے، تاہم ملک تیزی سے بنانا ری پبلک بنتا جا رہا ہے۔پاک امریکن کمیونٹی نے پرامن احتجاج کرتے ہوئے گولی لگنے سے جاں بحق ہونے والے 25پی ٹی آئی ورکرز کے اہل خانہ کے لیے فنڈز جمع کرنے کی عمران خان کی اپیل پر 5لاکھ 34ہزار ڈالرز جمع کرلیے۔اس حوالے سے ایک ٹوئٹ میں چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ میں پاک امریکن کمیونٹی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں اور فنڈ قائم کرنے پر ڈاکٹر نصر اللہ اور اسد فیضی کا خصوصی شکر گزار ہوں۔

مزیدخبریں