لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں 2 لاکھ سے زائد فورس کی ہیلتھ سکریننگ تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے اورہیلتھ سکریننگ میں نشاندہی ہونے والی مختلف بیماریوں میں مبتلا پولیس ملازمین کے علاج معالجے کا عمل محکمہ صحت کے تعاون سے شروع کیا جا رہا ہے۔ہیپاٹائٹس بی اور سی، بلڈ پریشر، شوگر، تپ دق،آنکھوں اور دیگر امراض کی تشخیص کے بعد علاج معالجے کے مراحل کا آغاز ہو گا۔ مختلف اضلاع اورفیلڈ فارمیشنز میں خدمات سر انجام دینے والی پولیس فورس کی ویکسی نیشن تین مراحل میں مکمل کی جائے گی۔ محکمہ صحت کے تعاون سے پولیس فورس کی سکریننگ اور علاج معالجے کےلئے موثر میکانزم تشکیل دیا گیا ہے۔محکمہ صحت پولیس ملازمین کی سکریننگ اور تشخیص کردہ امراض بارے ڈیٹا محکمہ پولیس کو فراہم کرےگا۔سنٹرل پولیس آفس میں خدمات سر انجام دینے والے ملازمین کی ہیلتھ سکریننگ کا عمل بھی اسی ماہ شروع کیا جائےگا۔اقدامات کا مقصد پولیس کو ہر طرح سے بیماریوں سے محفوظ رکھنا ہے تاکہ وہ شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کا عمل مزید بہتر انداز میں تندہی کےساتھ سر انجام دے سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ ہیلتھ سکریننگ میں پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں ہدایات دیتے ہوئے کیا۔ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ ملک ثناءاللہ اور محکمہ صحت کے افسران نے ہیلتھ سکریننگ کے نتیجے میں فورس میں سامنے آنے والی بیماریوں کی تشخیص سے آگاہ کیا۔ محکمہ صحت کے افسران نے بتایا کہ محکمہ صحت کے تعاون سے 64 فیصد پولیس فورس کی سکریننگ مکمل کر لی گئی ہے اور باقی ماندہ فورس کی سکریننگ بھی عنقریب مکمل کرلی جائےگی۔
پولیس فورس کی ہیلتھ سکریننگ تکمیل کے آخری مراحل میں داخل
May 24, 2023