لاہور(نیوز رپورٹر) کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام ”ری پروڈکٹیو ہیلتھ اینڈ ایس ٹی ڈیز“ کے حوالے سے لیڈی ولنگڈن ہسپتال میں کلینک کے قیام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر وائس چانسلر کے ای ایم یو پروفیسر محمود ایاز،ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی اتھارٹی لاہور کامران لاشاری اور ان کی ٹیم، ڈائریکٹر جنرل پاپولیشن ویلفیئر اتھارٹی لاہور سمن رائےنے اپنی ٹیم کے ہمراہ،سینئر سماجی کارکن زرقا شفقت، پروفیسر زہرہ خانم، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لیڈی ولنگڈن ہسپتال لاہور، اور قاسم امین ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی نے اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر ماہرین نے اس بات پر زور دیا کہ 3 بنیادی اصولوں پر مشتمل جدید طریقہ علاج اپنایا جائے تاکہ پاکستان میں سروائیکل کینسر کو مقامی اور قومی سطح سے ختم کیا جاسکے جو کہ ایچ پی وی ویکسینیشن، سروائیکل اسکریننگ اور علاج کے ذریعے سروائیکل کیسز جیسے مرض پر قابو پانا ہے۔ تولیدی عمر کی خواتین میں سروائیکل کینسر جیسی بیماریوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ کو حفاظتی ٹیکوں کے ذریعے روک تھام کی حکمت عملی اور کینسر کے کیسز کی رجسٹریشن سے جدید ترین میکنزم اپناتے ہوئے سکریننگ کے ذریعے کم سے کم کیا جا سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ کہ سروائیکل کینسر کی سکریننگ اور فوری طور پر بیماری کو کنٹرول کرنے کیلئے حفاظتی ٹیکوں کا آغاز کیا جائے۔