9 مئی کو شرانگیزی ، دفاعی اداروں پر حملے شرمناک ہیں:عامر میر

May 24, 2023

لاہور(نیوز رپورٹر)پنجاب کے نگران وزیر اطلاعات عامر میر نے عمران خان کو پی ٹی آئی کے 25 نام نہاد شہداءکے نام پر ساڑھے 5 لاکھ امریکی ڈالرز اینٹھنے پر ڈوب کر مرنے کا مشورہ دیا ہے۔عامر میر نے کہا کہ عمران خان نے فرضی نعشوں کا دعویٰ کر کے پاکستانی امریکن کمیونٹی سے 5 لاکھ 34 ہزار ڈالرز بطور امداد لینا تسلیم کیا ہے۔ عامر میر نے عمران خان سے کہا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کے ان 25 نام نہاد شہداءکی لسٹ فراہم کریں جن کے نام پر انہوں نے پاکستانی امریکن کمیونٹی سے 5 لاکھ 34 ہزار ڈالرز بطور امداد اینٹھے ہیں۔ جس طرح انہوں نے 9 مئی کو پاکستان بھرمیں شرانگیزی کی اور دفاعی اداروں پر حملے کئے وہ شرمناک حرکت ہے۔ عمران خان اور اسکے حواریوں کی جانب سے یہ فارن فنڈنگ بھی 9 مئی کی طرح انتشار اور فساد پھیلانے کیلئے استعمال ہوگی، 9 مئی کو پنجاب پولیس پر اسلحہ استعمال کرنے کی پابندی تھی تاکہ کسی بھی قسم کی خونریزی نہ ہو اس لئے عمران خان کی جانب سے 25 افراد کی ہلاکت کا دعوی حالیہ تاریخ کا سب سے بڑا جھوٹ ہے۔ قبل ازیں ترجمان پنجاب حکومت نے سوشل میڈیا پر کیے جانے والے اس پراپیگنڈے کو سختی سے رد کر دیا کہ انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج جسٹس اعجاز بٹر کے خلاف حکومت کی جانب سے کوئی ریفرنس دائر کیا جارہا ہے۔

مزیدخبریں