ناکام حکمران مستعفی ہوکر الیکشن کا اعلان کریں، سعد رضوی: مارچ حیدر آباد پہنچ گیا

May 24, 2023

لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک پاکستان کا ’’پاکستان بچاؤ مارچ‘‘ دوسرے روز کراچی واٹر پمپ عائشہ منزل سے حیدر آباد پہنچ گیا۔ حافظ سعد حسین رضوی سمیت دیگر مرکزی قائدین نے رات کھلے آسمان تلے گزاری۔ سعد حسین رضوی نے خطاب میں کہا کہ ہم آج اسلامی فلاحی ریاست اور خوشحال پاکستان کے لیے پرامن مارچ کا آغاز کر رہے ہیں۔ ہمارا مارچ ناموس رسالت، مہنگائی، بے روز گاری، لاقانونیت اور پی ڈی ایم حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح تک پہنچانے کے خلاف ہے، اگر حکومت نے ہمارے مطالبات نہ مانے تو اسلام آباد تک جائیں گے۔ موجودہ حالات میں اداروں اور حکومت کے درمیان غریب عوام اور متوسط طبقہ پس رہا ہے۔ ایک طرف عمران خان اقتدار کے خواب دیکھ رہا ہے تو دوسری طرف نواز شریف اپنی نااہلی اور کیسوں کو ختم کروانے کے خواب دیکھ رہا ہے۔ آصف زداری اپنے بیٹے کو وزیراعظم بنانا چاہتا ہے۔ قوم کی بات کوئی نہیں کر رہا۔ ہر طرف معاشی تباہی ہی تباہی ہے۔ غریب دو وقت کی روٹی سے مجبور ہے۔ زرعی ملک ہونے کے باوجود من گندم کی قیمت 5000 سے تجاوز کرگئی ہے۔ بجلی،گیس کی قیمتوں میں اور لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔ آٹا،چینی،گھی اور روز مرہ کی اشیاء ضروریہ سمیت جان بچانے والی ادوایات غریب عوام کی دسترس سے دور ہو چکی ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30،30 روپے کا اضافہ کر کے 10 روپے کی کمی سے عوام کو دھوکا دیا جا رہا ہے۔ پی ڈی ایم حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ہر طرح سے ناکام ہو چکی ہے۔ حکمرانوں کو چاہیے مستعفی ہو کر ملک بھر میں الیکشن کا اعلان کر دیں۔ جس طرح ملکی املاک اور اہم تنصیبات کو نقصان پہنچانے اور نظر آتش کرنے کے مجرم گرفتار کیے جا رہے ہیں اسی رفتار سے ناموس رسالتؐ کے گستاخوں کو بھی گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔ جیلوں میں قید گستاخان ِرسول کا فوری قانون کے مطابق ٹرائل مکمل کر کے قرار واقع سزا دی جائے۔ عمران خان کا بیانیہ زمین بوس ہو گیا ہے۔ عوام نے تحریک انصاف کا بھیانک چہرہ دیکھ لیا ہے۔ پی ٹی آئی کو کالعد م کر کے مظلوم بنانے کی کوشش نہ کی جائے۔ اسٹیبلشمنٹ اور افواج پاکستان سے بر ملا کہتا ہوں آپ بارڈروں کی حفاظت کریں، سیاست آپ کا شعبہ نہیں ہے۔ سیاسی لڑائی میدان میں ہوتی ہے سیاسی لڑائیوں کو گھروں تک لیجانے والا مرد نہیں ہوتا۔ مائیں بہنیں سب کی سانجھی ہوتی ہیں۔ گھروں میں گھس کر خو اتین کو ہراساں کرنے والے عمل کو فوری بند کیا جائے۔ ججوں کا کام حقائق اور شواہد کی بنا پر فیصلہ دینا ہوتا ہے نہ کے سیاسی جماعت کا آلہ کار بن کر ان کے مقاصد پورے کریں۔ مارچ میں تحریک لبیک پاکستان کی مجلس شوریٰ کے ارکان پیر سید ظہیر الحسن شاہ، قاضی محمود اعوان، علامہ غلام غوث بغدادی، مفتی عمیر الازھری، ڈاکٹر محمد شفیق امینی، مفتی وزیر احمد رضوی، علامہ فاروق الحسن قادری، صاحبزادہ انس حسین رضوی، صوبہ سندھ، ضلع کراچی کی مقامی قیادت اور ہزاروں کی تعداد میں کارکنان سمیت عوام کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔ تحریک لبیک کے پلان کہ مطابق مارچ کے شرکاء نے دوسری رات حیدر آباد سندھ میں گزاری۔ مارچ کا آج آغاز صبح گیارہ بجے دوبارہ حیدر آباد سے ہو گا۔

مزیدخبریں