لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدارت کل 2 سال کی مدت کیلئے بنگلہ دیش کے حوالے کرے گا۔ سارک چیمبر کے سبکدوش ہونے والے صدر افتخار علی ملک ویڈیو لنک کے ذریعہ کل ڈھاکہ میں ایک پروقار تقریب میں چیمبر کی کمان فیڈریشن آف بنگلہ دیش چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف بی سی سی آئی) کے صدر جاشم الدین کو سونپیں گے۔ جاشم الدین بنگال کمرشل بنک لمیٹڈ اور دیش جنرل انشورنس کے چیئرمین اور بنگال گروپ آف انڈسٹریز کے وائس چیئرمین اور ممتاز انسان دوست مخیر شخصیت ہیں۔ جاشم الدین بنگلہ دیش کی تجارتی صلاحیت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مشرق بعید، جنوبی ایشیا، مشرق وسطیٰ، یورپ، امریکہ اور شمالی امریکہ سمیت کئی ممالک کے دورے کر چکے ہیں۔ پاکستان نے 2 سال تک سارک چیمبر کی صدارت کی جو سارک کے 8 رکن ممالک کی قومی فیڈریشنز آف چیمبرز کا نمائندہ اعلیٰ ترین تجارتی فورم ہے۔ اس حوالے سے سبکدوش ہونے والے صدر افتخار علی ملک نے کہا کہ سارک چیمبر کے قیام کا مقصد خطے میں تجارت اور صنعت کا فروغ اور ان شعبوں میں مشترکہ مقاصد کے حصول کو یقینی بنانا ہے۔