کراچی (کامرس رپورٹر )پاکستان سٹاک مارکیٹ گزشتہ روز مندی کی لپیٹ میں رہی ۔ 100 انڈیکس 400پوائنٹس کم ہو گیا جس کی وجہ سے انڈیکس 41500 پوائنٹس سے کم ہو کر 41100 پوائنٹس کی پست سطح پر بند ہوا۔ کاروباری مندی کی وجہ سے مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے56ارب روپے سے زائد ڈوب گئے جبکہ68.47فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز کاروبار کا آغاز مثبت ہوا اور ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 41690.28پوائنٹس کی نئی سطح کو چھو گیا تھاتاہم سیاسی افق پر چھائی غیر یقینی صورتحال اور معاشی ابتری کے خدشات ،ڈالرکی بڑھتی اور روپیہ کی گرتی قدر پر فروخت کے دبائو کی وجہ سے مارکیٹ تنزلی کا شکار ہو گئی۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز100انڈیکس میں404.12پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی جس سے انڈیکس 41599.19 پوائنٹس سے گھٹ کر 41195.07پوائنٹس پر بند ہوا اسی طرح 132.79 پوائنٹس کی کمی سے 30 انڈیکس 14788.35 پوائنٹس سے کم ہو کر 14655.56 پوائنٹس ہو گیا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 27644.47 پوائنٹس سے کم ہو کر 27396.42 پوائنٹس پر آگیا۔