لاہور(کامرس رپورٹر )ماہرین نے ملک میں سگریٹ کی قیمت میں اضافہ غیرقانونی تجارت کے فروغ کا سبب اور پاکستان میں صحت عامہ کے تحفظ کی کوششوں کیلئے خطرہ قرار دیا ہے۔حال ہی میں ہونیوالی ایک تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ قیمت میں اضافہ کرکے سگریٹ نوشی کے رجحان کو کم کرنے کی حکومتی کوششوں کے باوجود صارفین کی بڑی تعداد ٹیکس چوری کرکے فروخت ہونے والے سستے برانڈز پر منتقل ہو گئی ہے جو نہ صرف صحت عامہ بلکہ قومی خزانے کیلئے بھی نقصان کا باعث ہے۔ 89فیصد افراد کے مطابق قیمت میں اضافہ کے باوجود سگریٹ کے استعمال میں کوئی کمی نہیں آئی، 80فیصد نے کہا کہ وہ سستے متبادل برانڈز پر منتقل ہوگئے جبکہ 71فیصد نے کہا کہ انہوں نے حال ہی میں (قیمت بڑھنے کے بعد) سگریٹ کے برانڈز تبدیل کیے ہیں۔