پیچیدہ بیماریوں کا علاج ، نینو ٹیکنالوجی، بائیوفارماسیوٹیکل و ٹشو انجینئرنگ سینٹر کا افتتاح  

May 24, 2024

لاہور(لیڈی رپورٹر )پنجا ب یونیورسٹی کالج آف فارمیسی میں پیچیدہ بیماریوں علاج کیلئے جدید سہولیات سے آراستہ نینو ٹیکنالوجی، بائیوفارماسیوٹیکل و ٹشو انجینئرنگ سینٹر کا افتتاح کر دیاگیا۔ افتتاحی تقریب میں سینیٹر خالد شاہین بٹ، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، سینئر صحافی مجیب الرحمان شامی، چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر،پرنسپل کالج آف فارمیسی پروفیسر ڈاکٹرسید عاطف رضا، ڈائریکٹر سنٹر ڈاکٹر ذیشان دانش، فارمیسی کی صنعت سے وابستہ افراد، فیکلٹی ممبران اور طلباؤطالبات نے شرکت کی۔ سینیٹر خالد شاہین بٹ نے کہا ایک زمانے میں بیرون ممالک میں پاکستانی فارماسسٹس کی بڑی مانگ تھی۔ پنجاب یونیورسٹی فیکلٹی آف فارمیسی میں قائم کردہ سنٹر پاکستان کی فارماسیوٹیکل انڈسٹری کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے سنٹر کی ترقی کیلئے حکومتی سطح پر تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ادویات کے شعبے میں جدید ضروریات کے پیش نظر سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔ فارمیسی اور فارماکالوجی میں پنجاب یونیورسٹی انٹرنیشنل کیو ایس رینکنگ میں شامل ہے۔ 

مزیدخبریں