لاہور( خصوصی نامہ نگار)معروف روحانی و اصلاحی شخصیت حافظ محمد ابراہیم نقشبندی نے خانقاہ انبالہ ہاؤس ٹاؤن شپ لاہور میں ’’تجہیز وتکفین سنت کے عین مطابق‘‘ عنوان پر ہفتہ واراصلاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہت ساری چیزوں میں ہمارے معاشرے اور زندگیوں سے مسنون اعمال نکلتے جارہے ہیں بس ہم نام کے مسلمان رہ گئے ہیں اسی طرح تجہیز وتکفین کا معاملہ ہے ہم کوشش ہی نہیں کرتے اسے سنت کے مطابق کرنے کی۔ اس لئے ہر ایک کیلئے ضروری ہے کہ وہ سنت کے مطابق تجہیز وتکفین کے معاملات سر انجام دینے کیلئے وقت سے پہلے ان تمام امور کو سیکھے تاکہ جب ہمارے عزیز و اقارب اور مسلمان بھائی دنیا سے جائیں تو کم از کم ہم انہیں سنت طریقہ کے مطابق کفن دے کر دفنا سکیں۔ کتنی خوشی اور مسرت کی بات ہو گی کہ انسان دنیا میں سنت کے مطابق زندگی گذار کر مرنے کے بعد جب اللہ تعالیٰ سے ملاقات کرے تو وہ سنت کے مطابق کفن میں ہو۔