لاہور ( خصوصی نامہ نگار) سپیکر ملک محمد احمد خان سے یورپین یونین کے پروگرام ’’مستحکم پارلیمان‘‘ کی ٹیم لیڈر مارگریٹ کک نے وفد کے ہمراہ اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان میں جمہوری نظام کے تسلسل، اداروں کی مضبوطی اورپارلیمنٹ کی بالادستی سمیت ذاتی دلچسپی کے امور زیر غورآئے۔ سپیکر نے صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں یورپین یونین کے تعاون پر خراج تحسین پیش کیا۔ ملاقات میں ای پارلیمنٹ بنانے، اراکین اسمبلی اور اسمبلی سٹاف کے استعدادِ کار کو بڑھانے کیلئے تربیتی ورکشاپس کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل پارلیمنٹ کی بالادستی میں ہے۔ عوام کو اسمبلی کارروائی سے آگاہی دینا اولین ترجیح ہے۔ وفد میں ڈاکٹر سیدپرویز عباس ڈپٹی ٹیم لیڈر ’’مستحکم پارلیمان پروگرام‘‘، صوبائی کوآرڈینٹر فیصل بٹر، مسعود سلطان موجود تھے۔ اسمبلی سیکرٹریٹ سے سیکرٹری جنرل چودھری عامر حبیب،سٹاف آفیسر عماد حسین بھلی، ایڈیشنل سیکرٹری ملک خلیل احمد اور تر جمان پنجاب اسمبلی راؤ ماجد علی بھی موجود تھے۔