لاہور(نیوز رپورٹر) صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی میں ہیلتھ انشورنس کے ورکنگ گروپ کی سب کمیٹی کا تیسرا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان، سید واجد علی شاہ، وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق، ڈاکٹر علی رزاق، پروفیسر محمد علی ایاز صادق، پروفیسر زوہرہ خانم، پروفیسر سردار الفرید ظفر اور ڈاکٹر زاہد پرویز نے شرکت کی۔ وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز اور پرنسپل بہاول پور میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر صوفیہ فرخ نے شرکت کی۔ صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے اجلاس کے دوران ہیلتھ انشورنس میں اصلاحات کا جائزہ لیا۔ تمام ماہرین نے اس حوالہ سے قیمتی تجاویز اور آراء سے آگاہ کیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ہیلتھ انشورنس پروگرام کو عوام کیلئے سود مند بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہمیں ہیلتھ انشورنس کے پروگرام میں خرابیوں کو دور کرنا ہے۔خواجہ عمران نذیر نے کہا وزیر اعلی مریم نواز کے محکمہ صحت کیلئے جاری کردہ انیشیٹیوز تیزی سے مکمل کئے جارہے ہیں۔ 2500 بنیادی مراکز صحت اور 300 رورل ہیلتھ یونٹس کی ریویمپنگ کی جلد تکمیل کیلئے محکمہ صحت مصروف عمل ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں ٹیٹنس سمیت جان بچانے والی ادویات کا وافر سٹاک موجود ہے۔ انہوں نے ڈرگ کنٹرول ونگ کو ہدایت کی کہ مارکیٹوں میں میڈیسن کی قلت پیدا کرنے والے عناصر پر کڑی نگاہ رکھی جائے۔