ابراہیم رئیسی روضہ امام علی رضا کے احاطے میں سپرد خاک، 30 لاکھ افراد کی شرکت

تہران ( نوائے وقت رپورٹ)  ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے والے مرحوم ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو مشہد میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ایرانی میڈیا کے مطابق  ابراہیم رئیسی کی تدفین مشہد میں روضہ امام علی رضا کے احاطے میں ہوئی۔ گزشتہ روز ابراہیم رئیسی کا جسد خاکی تدفین کے لیے مشہد میں امام علی رضا کے روضے پر پہنچا تو وہاں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی،اس موقع پر 30 لاکھ افراد موجود تھے ۔اس سے قبل شہر بیرجند میں بھی ابراہیم رئیسی کو الوداع کہنے کے لیے عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی تھی، ابراہیم رئیسی اوران کے رفقا کی نماز جنازہ کل تہران میں ادا کی گئی تھی۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے تہران میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور دیگر کی نماز جنازہ  پڑھائی جس میں ہزاروں کی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔مرحوموم ایرانی صدر اور رفقا کے اعزاز  میں آج اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ ایران میں باقاعدہ صدارتی انتخاب 28 جون کو ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن