لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پنجاب حکومت نے روٹی کی قیمت میں مزید کمی کر دی۔ پنجاب حکومت کی جانب سے صوبے میں سادہ روٹی کی نئی قیمت 14 روپے مقرر کی گئی ہے جس کا اطلاق کل سے ہو گا۔ روٹی کی قیمت میں کمی سے متعلق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایکس پر بیان جاری کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ مختلف شہروں میں روٹی کی قیمت 12سے 14روپے مقرر ہے جبکہ لاہور میں سادہ روٹی کی قیمت 14 روپے مقرر کی گئی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت کے غلط فیصلوں نے روٹی کو غریب کی پہنچ سے دور کر دیا تھا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ڈبل روٹی (بریڈ) کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ چھوٹی ملکی بریڈ 130 سے کم ہو کر 100 روپے، بڑی ملکی بریڈ 210 سے کم ہو کر 175 روپے، چھوٹی سادہ بریڈ 110 سے کم ہو کر 80 روپے، بڑی سادہ بریڈ 175 سے کم ہو کر 150، براؤن بریڈ 115 روپے سے کم ہو کر 90 روپے مقرر کر دی گئی۔