لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ایئر ایمبولینس سروس جلد شروع کرنے کا حکم دیا ہے اور اس ضمن میں جون تک کی ڈیڈ لائن مقررکر دی ہے۔ اور سی پی آر ٹریننگ پروگرام شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا دور دراز علاقوں میں ہنگامی صورتحال میں مریض شفٹ کرنے کے لئے ایئر ایمبولینس سروس استعمال ہوگی۔ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ایئر ایمبولینس اور ایمرجنسی سروسز سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کو ہارٹ اٹیک کی فرسٹ ایڈ ٹریننگ دی جائے گی۔ ایئر ایمبولینس سروس کے لئے موک ایکسرسائز کا مرحلہ مکمل ہوگیا۔ ڈاکٹر اور سٹاف کی ٹریننگ جاری ہے۔ علاوہ ازیں مریم نواز شریف سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد نے ملاقات کی۔ پنجاب میں ڈویلپمنٹ اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ مریم نواز نے وفد سے گفتگو میں کہا کہ عوا م کی فلاح و بہبود کا ہر شعبہ میری ترجیح ہے۔ ہیلتھ، ایجوکیشن، انفراسٹرکچر اور انفارمیشن ٹیکنالوجی پر کام تیزی سے جاری ہے۔ نرخوں کے استحکام اور مہنگائی پر کنٹرول کے لئے بھی کام کررہے ہیں۔ شہباز شریف بطور وزیر اعلیٰ پنجاب کو ترقی کی بلندیوں پر لے گئے، مگر گزشتہ دور ڈویلپمنٹ کے لحاظ سے قابل بیان نہیں۔ اقتدار سنبھالنے کے بعد محسوس ہوا کہ ہم عوام کی ضروریات کے بنیادی امور میں بھی بہت پیچھے ہیں۔ بیشتر شہروں میں ویسٹ مینجمنٹ سسٹم اور لینڈ فل سائٹ موجود نہیں، بعض شہروں میں جزوی طور پر کام کر رہا ہے۔ پنجاب کی بہت بڑی آبادیوں کے لئے سیوریج سسٹم لانا بہت بڑا چیلنج ہے۔ ہر شہر کے لئے پائیدار اور موثر ویسٹ مینجمنٹ سسٹم لانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہروں اور دیہات میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سیوریج اور ڈرینج کا پائیدار نظام وضع کیا جارہا ہے۔ پبلک سیکٹر ایجوکیشن سسٹم کو ری سٹرکچرنگ کرکے بہترین بنانا چاہتے ہیں۔ سکولوں کی پرفارمنس کے لحاظ سے کیٹگری کررہے ہیں۔ ٹیچر ٹریننگ اور انرولمنٹ پراجیکٹ لارہے ہیں۔ عوام کے مفادات کے تحت فلاح و بہبود کا ہر اقدام کرنا چاہتی ہوں۔ فیلڈ ہسپتالوں میں 15ہزار تک مریض روزانہ مستفید ہورہے ہیں۔ مہلک امراض میں مبتلا 2لاکھ مریضوں کو ان کی دہلیز پر فری میڈیسن پہنچا رہے ہیں۔ سابق دور میں فری میڈیسن کو ظالمانہ طور پر بند کر دیا گیا۔ ہیلتھ انفراسٹرکچر کو تبدیل کررہے ہیں، ہر ضلع میں علاج کی کافی سہولتیں دیں گے تاکہ کسی مریض کو دوسرے شہر نہ جانا پڑے۔ پاکستان کے پہلے آئی ٹی سٹی میں چین سمیت دیگر ممالک کی کمپنیاں دلچسپی کا اظہار کررہی ہیں۔ نواز شریف آئی ٹی سٹی 10سال کے لئے ٹیکس فری کررہے ہیں۔ 5سال میں دیگر شہروں میں ہنگامی بنیادوں پر آئی ٹی سٹی بنائیں گے۔ لو کاسٹ ہاؤسنگ سکیم کے تحت عام آدمی کو اپنی چھت میسر ہوگی۔ سپیشل افراد کے لئے خصوصی کارڈ جاری کیے جائیں گے۔ ریونیو جنریشن پر پوری توجہ ہے، ٹیکس نہیں ٹیکس نیٹ ورک کو بڑھائیں گے۔ 13کروڑ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے بہت بڑا بجٹ چاہیے۔ عورت معاشرے کا محض حصہ نہیں بلکہ پورے معاشرے کے مترادف ہے۔ وزیر اعلیٰ بننا آسان نہیں تھا بلکہ چکی پیسنے کی مشقت کے مترادف تھا۔ معاشرے کے محروم طبقات کا برے حالات سے گزرنا، میرے لیے بہت تکلیف دہ ہے۔ عوام کی خدمت کرنا پسند ہے، ہر شام خوشی سے سرشار گھر جاتی ہوں۔ ایشیئن ڈویلپمنٹ بینک کی نمائندہ برائے جاپان کیکوتاکاہاشی نے کہا کہ پنجاب کو ترقی کے سفر میں بھرپور سپورٹ کررہے ہیں۔ پاکستان کو خوشحال دیکھنا اچھا لگے گا۔ ترقی اور خوشحالی کے سفر میں پنجاب کے پارٹنر بننا چاہتے ہیں۔ ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی نمائندہ برائے امریکہ کی موشومی معروفی خان نے کہا کہ پنجاب کو دیکھنے کا اشتیاق تھا، سکیورٹی اور دیگر انتظامات دیکھ کر خوشی ہوئی۔
پنجاب میں ایئر ایمولینس شروع کرنے کیلئے جون تک مہلت، عوامی فلاح کیلئے ایشیائی بنک سے اشتراک پر اتفاق
May 24, 2024