لاہور (خبرنگار) پنجاب کی جیلوں کے اندر ٹک شاپ کے قیام کیلئے ہوم سیکرٹری پنجاب نور الامین مینگل اور آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر کی موجودگی میں محکمہ جیل خانہ جات پنجاب اور یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن پاکستان کے مابین معاہدہ طے پا گیا۔ محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کی جانب سے ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر میاں سالک جلال اور یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن پاکستان کی جانب سے سینئر جنرل مینیجر عنایت اللہ دولہ نے معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری جیل عاصم رضا اور ڈائریکٹر پنجاب پریزنز فاؤنڈیشن محمد کاشف رانا بھی موجود تھے۔ پنجاب کی جیلوں میں یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن پاکستان کے زیرِ انتظام اسیران کی سہولت کیلئے ٹک شاپس قائم کی جائیں گی، ٹک شاپس پر چائے، کولڈ ڈرنکس، دودھ، دہی، جوس، بیکری آئٹمز، جوشاندہ ، صابن، ٹوتھ برش، ٹوتھ پیسٹ، ٹشو پیپر، سگریٹ اور نسوار سمیت تمام اشیاء ضرورت دستیاب ہوں گی۔ ٹک شاپ جیل کے اندر صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک اور ہفتے کے ساتوں دن کھلی رہیں گی۔ ٹک شاپس پر خریداری کیلئے ادائیگی کے طریقہ کار کو اسیران کے پنجاب بنک میں موجود اکاؤنٹس سے لنک کیا گیا ہے، اسیران بائیو میٹرک تصدیق کے ذریعے آن لائن پیمنٹ کریں گے۔ خریداری کے طریقہ کار کی شفافیت کیلئے کیش کے ذریعے ادائیگی نہیں ہو سکے گی۔ گھروں سے سامان منگوانے کی بجائے قیدیوں کو معیاری اشیاء ضرورت کی کم نرخوں پر اور فوری فراہمی جیل سے ہی ممکن ہو گی۔