لاہور(سپورٹس رپورٹر) افغانستان کی خاتون بریک ڈانسر منیزہ تالاش پہلی اتھلیٹ ہیں جو جولائی میں شروع ہونے والے پیرس اولمپکس میں حصہ لینے والی پناہ گزینوں کی اولمپک ٹیم کا حصہ ہوں گی۔یہ اعلان انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر تھامس باخ نے سوئٹزرلینڈ کے شہر لوزان سے لائیو سٹریمنگ تقریب کے دوران کیا۔ تھامس نے کہا کہ اولمپک کھیلوں میں شرکت کیساتھ منیزہ برداشت اور بہترین صلاحیت کا مظاہرہ بھی کریں گی۔ اس سے دنیا بھر کے 10 کروڑ سے زیادہ بے گھر افراد کو امید کا پیغام ملے گا اور ساتھ ہی افغانی اتھلیٹ دنیا بھر کے اربوں لوگوں کو پناہ گزینوں کے بحران کی شدت سے آگاہ کریں گی۔ ٹیم کی تشکیل کو آئی او سی ایگزیکٹیو بورڈ نے منظور کیا تھا اور یہ متعدد معیارات پر مبنی تھا جس میں سب سے پہلے اور اہم ہر کھلاڑی کی کھیلوں کی کارکردگی اور ان کی پناہ گزین کی حیثیت شامل ہے، جس کی تصدیق اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے یو این ایچ سی آر نے کی ہے۔