وزیرآباد(نا مہ نگار) مچھلی فارم میں نہاتے تین بچے گہرے پانی کی نذر‘ 2 بچے جاں بحق جبکہ ایک بچے کو مقامی افراد نے بچا لیا،جاں بحق ہونے والے دونوں معصوم بچے آپس میں کزن بتائے گئے ہیں، شہریوں کی خونی مچھلی فارم کو فورا بند کرانے کا مطالبہ۔ وزیرآباد کے علاقہ علی پور چٹھہ میں مقامی زمیندار نے آبادی کے اندر فش فارم بنارکھا ہے جسکے تالاب میں ڈوب کر دو بچے جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک کو بچا لیا گیا ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ محلہ لکھ داتا منچر روڈ کے رہائشی 8 سالہ ریحان علی اور 9 سالہ موہن علی اپنے ننھے دوستوں کے ہمراہ گرمی کی شدت کو کم کرنے کے لیے نہا رہے تھے کہ گہرے پانی کی نذر ہو گئے اور ڈوب گئے۔