دہشت گرد حملے کے چینی متاثرین، مختلف وزارتوں، اداروں کیلئے رقوم کی منظوری

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی نے داسو ہائیڈرو پراجیکٹ حملے کے چینی متاثرین کیلئے 25 لاکھ 80 ہزار ڈالر معاوضے کی منظوری دیدی۔ ذرائع کے مطابق داسو ڈیم پر کام کرنے والے 6 چینی باشندے 26 مارچ کو دہشتگرد حملے میں ہلاک ہوئے تھے۔ چینی باشندوں کے لواحقین کو بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانہ رقوم ادا کرے گا۔ کمیٹی نے روز ویلٹ ہوٹل نیویارک کے اخراجات کیلئے 80 لاکھ ڈالر جاری کرنے کی منظوری دیدی۔ روز ویلٹ ہوٹل کی 2020ء میں  بندش کے بعد سے بنک سے 15 کروڑ ڈالر قرض لیا جا چکا ہے۔ مختلف وزارتوں کیلئے تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ منظور کی گئی۔ اجلاس میں ایرا کیلئے ایک ارب 2 کروڑ روپے سے زائد رقم جاری کرنے کی منظوری دیدی۔ پاکستان سٹیل ملز کی جانب سے سوئی سدرن کے بل ادا کرنے کیلئے رقوم کی منظوری دی گئی۔ انتظامیہ نے منصوبوں کیلئے ساڑھے 5  کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دی۔ متعدی امراض سے بچاؤ کے وفاقی پروگرام کیلئے 12 ارب روپے سے زائد کی منظوری دی۔ پاور ڈویژن کیلئے ترقیاتی اخراجات کی مد میں 2 ارب 21 کروڑ روپے سے زائد کی منظوری دیدی۔  نیو کلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کی ٹیکنیکل ضمنی گرانٹ کیلئے 8 کروڑ 45 لاکھ روپے کی منظوری دی۔

ای پیپر دی نیشن