لاہور (نوائے وقت رپورٹ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ امید ہے ہتک عزت قانون کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔ ہتک عزت قانون میں جلدی نہیں کرنی چاہئے تھی۔ مشاورت سے لایا جاتا تو اچھا ہوتا۔ ہتک عزت قانون حرف آخر نہیں، اس پر صحافتی تنظیموں اور سٹیک ہولڈرز سے بات ہونی چاہئے۔ امکان ہے میں پنجاب حکومت کو ہتک عزت قانون پر نظرثانی کا کہوں۔ ہتک عزت قانون کو میں نے ابھی تک پڑھا نہیں۔ بل کو پڑھنے کے بعد اپنی قانونی ٹیم کو دوں گا، وہ بھی اسے دیکھیں گے۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ ہتک عزت بل پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔ یہ بل حرف آخر نہیں۔ پنجاب حکومت بل سے قابل اعتراض باتیں نکالے۔ ہتک عزت بل کی وجہ سے ملک میں طوفان برپا ہے۔ ضرورت پڑی تو مسئلہ حل کرانے کی کوشش کروں گا۔ خواہش ہے بل پر طاقتور حلقے، صحافتی تنظیمیں اور سٹیک ہولڈرز دوبارہ بات کریں۔ امید ہے بل پر اتفاق رائے ہو جائے گا۔ اگر نہ ہوا تو 18 ویں ترمیم کے تحت برداشت کرنا پڑے گی۔