گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )ڈپٹی کمشنر محمد طارق قریشی نے سکول سٹوڈنٹ کونسل کے نو منتخب عہدیداران/ممبران سے حلف لیا، تقریب حلف برداری گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول جی ٹی روڈ شیخوپورہ موڑ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں گوجرانوالہ سٹی اور تحصیل صدر کے سٹوڈنٹ کونسل کے نو منتخب صدور، نائب صدور، جنرل سیکرٹریز اور فنانس سیکرٹریز شامل تھے۔ ڈپٹی کمشنر اور سی ای او ایجوکیشن نے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ انقلابی اقدام ہے جسے طلبہ تعلیمی اداروں میں مثبت طریقے سے بروئے کار لائیں، آج کا دن تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ طلبہ کونسل کے انتخابات کا انعقاد وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا ویژن ہے ۔جس کا مقصد سرکاری سکولوں میں تعلیمی سہولیات کی فراہمی میں مزید بہتری لانا ہے ۔پہلے مرحلے میں ضلع بھر کے 577ہائی اور ایلیمنٹری سکولوں میں انتخابات ہوئے جس میں پنجاب بھر کے تمام سرکاری سکولوں کے 35لاکھ بچوں نے اپنے اپنے نمائندگان منتخب کیے۔ طلبہ کے انتخابات کا مقصد طلبہ میں قیادت، نظم و نسق، مواصلات کی مہارتوں اور ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے ۔