حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) محکمہ تعلیم کے زیر اہتمام ضلع بھر کے سرکاری سکولوں میں منتخب ہونے والے سٹوڈنٹس کونسلوں کے عہدیداروں نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھالیا۔ڈپٹی کمشنر ارشاد نے گورنمنٹ گرلز ڈبل سیکشن ہائی سکول میں گورنمنٹ گرلز سکولوںکی سٹوڈنٹس کونسلوں کی عہدیدارطالبات سے حلف لیا۔ سی ای او ایجو کیشن محمد انور جاوید ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر صدف خانم ، پرنسپل شاہدہ شمشاد سمیت طالبات اور اساتذہ حلف برادری کی تقریب میں شریک تھیں۔ڈپٹی کمشنر نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ سٹوڈنٹس کونسلوں کے نومنتخب عہدیداروں کو محکمہ کی جانب سے جو ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔اب ان کا فرض ہے کہ وہ اپنے حلف کی پاسداری کرتے ہوئے محکمہ تعلیم اور اپنے اداروں میں تعلیم کے فروغ کیساتھ اپنے اساتذہ کی ہر موقع پر معاونت کریں۔انکاکہنا تھا کہ سٹوڈنٹس کونسلوں کے قیام کا مقصد تعلیمی اداروں میں درس و تدریس ، علم و ادب ، ہم نصابی سرگرمیوں،کھیلوں اور دیگر پروگراموں کے انعقاد کے سلسلہ میں اپنے اساتذہ اور سکول انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنا،سٹوڈنٹس کونسلوں کی عہدیدار طالبات نے عہد کیا کہ محکمہ تعلیم اور اپنے اداروں کی جانب سے جو بھی ذمہ داریاں اور فرائض دیئے جائینگے وہ انہیں ہر ممکن طریقہ سے پورا کرینگی ۔