کرغزستان میں پھنسے مزید 177 طلبہ وطن واپس پہنچ گئے۔تفصیلات کے مطابق کرغزستان سے ایک اور پرواز 177طلبہ کو لیکر کوئٹہ ایئرپورٹ پر پہنچ گئی۔ایئرپورٹ پر پہنچنے پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے طلبہ کے والدین کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔وطن واپس پہچنے والے 177طلبہ میں سے 95کا تعلق بلوچستان سے جبکہ باقی طلبہ دیگر صوبوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ طلبہ کے واپس پہنچنے پر انکے والدین نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان نے طلبہ کی واپسی کیلئے بہترین اقدامات کیے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی ذاتی دلچسپی سے ہی ہمارے بچے بحفاظت وطن واپس پہنچے ہیں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دیگر صوبوں کے طلبہ ہمارے مہمان ہیں۔ ہم جلد ان طلبہ کو گھروں تک پہنچائیں گے۔ دعا ہے کرغزستان میں حالات جلد ٹھیک ہوں تاکہ طلبہ اپنی پڑھائی جاری رکھ سکیں۔