راولپنڈی/ اسلام آباد( ) وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے جمعرات کے روز چکوال کا دورہ کیا جسکے دوران انہوں نے سینٹر آف ایکسی لینس فار اولیو ریسرچ اینڈ ٹریننگ کا افتتاح کیا۔ اس ادارہ کا مقصد زیتون پر تحقیق اور ٹریننگ دینا ہے۔ اس ادارہ کے تحت اس خطہ کے حوالے سے مطابقت رکھنے والی زیتون کی اقسام متعارف کروائی جا رہی ہیں۔ڈاکٹر رمضان انصر پروجیکٹ ڈائریکٹر ادارہ برائے زیتون تحقیق اور ٹریننگ چکوال نے بتایا کہ کاشتکاروں کو زیتون کی برداشت اور اس سے تیار ہونے والی مختلف مصنوعات کی تیاری کی تربیت بھی دی جارہی ہے۔کاشتکاروں کو سبسڈی پر زیتون کے تیل کی کشیدگی کی سہولت دینے کے لیے پلانٹ لگایاگیا ہے۔ہر سال پنجاب بھر سے کاشتکار یہاں سے زیتون کے کشیدگی کروا کے دیتے ہیں۔اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب نے زیتون سے تیار شدہ مصنوعات کے سٹالز کا بھی دورہ کیا۔وزیر زراعت پنجاب نے ادارہ کی لیبارٹریز اور کشید کرنیوالے پلانٹ کا بھی معائنہ کیا۔اس موقع پرسیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ ادارہ برائے زیتون تحقیق اور ٹریننگ چکوال کا کام قابل تحسین ہے۔ ڈائریکٹر جنرل زرعی تحقیق ڈاکٹر ساجد الرحمان، سید شاہد افتخار بخاری ڈائریکٹر زراعت توسیع راولپنڈی ڈویڑن، ڈاکٹر انجم علی بٹر پروجیکٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت پنجاب بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ بعد ازاں وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے بارانی زرعی تحقیقاتی ادارہ چکوال کا دورہ کیا۔