لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ٹی 20 ورلڈکپ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان روک دیا۔اگلے ماہ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں شروع ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان آج متوقع تھا۔ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے قومی ٹیم کی سلیکشن کے عمل پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کھلاڑیوں کے ناموں پر اعتراض نہیں اٹھایا بلکہ باقاعدہ میٹنگز نہ ہونے پر ناراضی کا اظہار کیا ہے اور اس معاملے پر محسن نقوی نے خط کے ذریعے سلیکشن کمیٹی سے جواب طلبی کر لی۔ذرائع کا بتانا ہے کہ ٹیم کے انتخاب کیلئے کسی اجلاس کی کارروائی کے منٹس محسن نقوی تک نہ پہنچائے گئے جس پر انہوں نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے اس معاملے کا نوٹس لیا۔ذرائع کے مطابق جب تک سلیکشن کے عمل کا تمام پراسیس مکمل نہیں کیا جاتا اس وقت تک ٹی 20 ورلڈکپ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان نہیں ہو گا۔