اسلام آباد (جی این آئی+ اے پی پی) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نعمان بشیر نے کہا ہے ڈرون اور ہیلی کاپٹر حملے پاکستان کی خودمختاری کیخلاف ہیں جن کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ آبدوز سکینڈل میں فرانس سے ٹھوس شواہد آنے پر کارروائی کرینگے۔ فرانسیسی انجینئر کے قتل کی تحقیقات فرانس میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی سطح پر جاری ہیں، تبصرہ نہیں کر سکتا۔ پاک بحریہ ملک کے تحفظ اور ہر قسم کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے پوری طرح چوکس ہے۔ یہاں بحریہ کالج میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات کے بعد اخبار نویسوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا دنیا ایک گلوبل ویلج بن گئی ہے اور مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے ٹیکنالوجی کے حصول کی ضرورت ہے۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہم وہ کچھ نہیں کر سکے جو ہمیں کرنا چاہئے تھا اب نئی نسل کو آگے بڑھنا ہو گا۔