اسلام آباد (سجاد ترین+ خبر نگار خصوصی) بدھ کو وزیراعظم ایوان میں فاتحانہ انداز میں داخل ہوئے تو حکومتی ارکان نے اپنی اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر ڈیسک بجائے۔ وزیراعظم انتہائی خوش تھے۔ وزیراعظم نے اپنی نشست پر کھڑے ہو کر جس انداز میں مسلم لیگ (ن)کے رہنما مخدوم جاوید ہاشمی کا گرم جوشی سے استقبال کیا اور ان کو اپنے ساتھ والی نشست پیش کی یہ جذباتی انداز بتا رہا تھا کہ ملتان کی سیاست میں ایک اہم تبدیلی کی بنیاد رکھی جا رہی ہے اور دونوں رہنما اپنی اپنی جماعت میں رہتے ہوئے سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے خلاف متحد ہو رہے ہیں اس سے قبل ملتان میں ”گیلانی قریشی خاندان“ ہاشمی کے خلاف متحد تھے اب حالات تبدیل ہو رہے ہیں، پارلیمان کی مختلف لابیوں میں موجود جنوبی پنجاب کے ارکان کا موقف تھا کہ وزیراعظم سابق وزیر خارجہ کے لئے راہ ہموار کر رہے ہیں۔وزیراعظم ایوان میں آئے چند ارکان کی درخواستوں پر دستخط کئے اور خاموشی سے چلے گئے۔