امریکہ اور بھارت پاکستان کو پتھر کے دورمیں دیکھناچاہتے ہیں : حمید گل، حافظ سعید
صاحبین کی پیش گوئی کے مطابق اسلام آباد میں بیٹھے ” امام“ کلیے اور جزئیے ملا کر ”دوستی “ کا نتیجہ اخذ کرتے ہیں اور اسی بنا پر تجارت کو حلال قرار دے رہے ہیں، کراچی اور کوئٹہ میں خون بہہ رہا ہے۔لاشیں تڑپ رہی ہیں،بیویاں بیوہ اور بچے یتیم ہورہے ہیں لیکن ہمارے حکمران امریکہ کے فرنٹ لائن اتحادی اور بھارت کو موسٹ فیورٹ قرار دینے سے باز نہیں آرہے صاحبین کے ارشاد کے مطابق وہ ہمیں پتھر کے زمانے میں دھکیل دینگے لیکن جناب وہ تو پتھر برسا رہے ہیں، دھکیلنے اور برسانے میں تو زمین آسمان کا فرق ہے جیسے 2008 میں کچھ لوگوں کی لاٹری نکلی اوروہ اقتدار میں آگئے اور یار لوگوں کو انہوں نے محکموں میں ایسے دھکیلا جیسے سرِ شام چرواہا بکریوں کے ریوڑ کو ”باڑے“ میں دھکیلتا ہے۔
بعض دکانوں پر لکھا ہوتا ہے کہ کشمیرکی آزادی تک ادھار بند ہے ، جناب ادھار بند کرنے سے کشمیر آزادی نہیں ہوگا بلکہ یوں لکھ دو ” کشمیر کی آزادی تک دکان بند ہے “ کیونکہ جب تک آپ عملی کام نہیں کرینگے، خالی نعروں سے تو یہ مسئلہ حل نہیں ہوگا،ذرا مرمت بھی کرنی پڑے گی ،صاحبین بھی باہر نکلیں اور حکومت کو مجبور کریں کو وہ پہلے آزادی بعد میں تجارت کا نعرہ لگائیں پھر پاکستان سے کیا گیا وعدہ نبھانے کیلئے یاد کئے جائینگے۔ شیخ رشید بھی اگر پہلے کشمیر کی آزادی پھر ”شادی“ کا نعرہ لگاتے تو یقین جانیے آج قومی ” ہیرو“ ہوتے۔
٭....٭....٭....٭....٭
عالمی میڈیا ڈرون حملوں میں ملالہ جیسی بچیوں کی شہادت پرکیوں آواز نہیں اٹھاتا:لارڈ نذیر
حضور والا! ہاﺅس آف لارڈ میں اٹھائی گئی آواز چارسُو گونجے گی ،عالمی میڈیا اگر مجرمانہ غفلت کا مرتکب ہورہا ہے تو آپ اسکا ساتھ کیوں دے رہے ہیں۔ شکر ہے عالمی میڈیا نے ملالہ پر سفاکانہ حملے میں پاکستانی میڈیا کا ساتھ دیا لیکن ،ڈرون حملوں میں مرنے والے تو انکے نزدیک انسان نہیں ،کشمیر اور فلسطین کے مظلوم تو انکے نزدیک کیڑے مکوڑے ہیں،بلیوں اور کتوں کے حقوق بنانے والوں سے ایسی توقع تو نہیں تھی جالب نے کہا تھا....
ایڈ کی گندم کھا کے ہم نے کتنے دھوکے کھائے ہیں
پوچھ نہ ہم نے امریکہ کے کتنے ناز اٹھائے ہیں
ہماری بد قسمتی سمجھئے کہ قائداعظم ؒ کے بعد ایسی قیادت ہی نصیب نہیں ہوئی مختار مسعود نے کہا تھا کہ اللہ تعالیٰ بڑے آدمی نعمت کے طورپر دیتا اور سزا کے طورپر روک لیتا ہے۔ آج ہمارے ہاں قیادت کا قحط الرجال ہے ورنہ عالمی میڈیا بھی ”ڈنکے“ کی طرح سیدھا ہوجاتا لارڈ نذیر آواز اٹھائیں16کروڑ عوام کی دعائیں ساتھ ہیں خود تو غریبوں کا سات سمندر پار جاکر آپکا ساتھ دینا مشکل ہے ورنہ تو میڈیا بھی کان دھرتا اور آوازیں بھی اونچی ہوتیں۔
٭....٭....٭....٭....٭
شام: باغیوں کا فوجی اڈے پر قبضہ،ہسپتال اور مسجد پر بمباری
نوبت باایں جارسید کہ مسلمانوںکے ہاتھوں مسجدیں شہید ہورہی ہیں، خانہ خدا کو جو شہید کریگا یقینی طور پر وہ اپنا خانہ خراب کریگا، ہسپتال کو بھی معاف نہیں کیا گیا مسلمان مسلمان کا گلہ کاٹ رہا ہے، حافظ بشارالاسد اور شام کے باغیوں کی ڈور ایک جگہ سے ہی ہلائی جارہی ہے....
میر کیا سادہ ہیں بیمار ہوئے جس کے سبب
اسی عطار کے لونڈے سے دوا لیتے ہیں
لیبیا، عراق اور افغانستان کا حال تو آپ کے سامنے ہی ہے،یہ لوگ کسی کے ”سگے“ نہیں ہوتے، اسی لئے انکی ” تھپکی“ پر اپنوں کا ہی شکار مت کریں،بندر کے ہاتھ میں جب ماچس کی ”ڈبیا“ آجائے تو وہ آگ لگانے سے باز نہیں آتا تو جناب اب واقعی ”امن کی ماچس“ بندر کے ہاتھ لگ چکی ہے اسی لئے وہ ” تیلی“ لگا کر تماشہ دیکھ رہا ہے لیکن اس کی انگلیوںپر ناچنے والے آج تک بے خبر ہیں،قذافی کیخلاف بغاوت کو ہی سامنے رکھ لیںلیکن بشارالاسد اور اپوزیشن دونوں اس وقت آنکھیں بند کرکے بندر کے بیرونی ایجنڈے کی تکمیل میں اپنی دنیا و آخرت کا خانہ خراب کر رہے ہیں۔
٭....٭....٭....٭....٭
صدر زرداری کو عافیہ صدیقی کیس کے بارے میں گمراہ کیا گیا:فوزیہ صدیقی
دو روز قبل صدر محترم نے گل فشانی کی تھی اور امریکہ کے ساتھ مجرموں کے تبادلے کا معاہدہ نہیں ورنہ عافیہ صدیقی آج پاکستان میں ہوتی،جناب والا ریمنڈ ڈیوس کو کیسے رہا کیا،ایسے ہی عافیہ کو واپس لے آئیں، ان مشیروں سے کہیں کہ جس طرح ریمنڈ کیلئے راستہ ہموار کیا تھا ایسے ہی عافیہ کیلئے بھی کریں ، آپ نے آج تک ذاتی طورپر اس کیس کو دیکھا ہی نہیں اگر عافیہ صدیقی کو آپ آصفہ کی جگہ پر رکھ کر سوچتے توآج وہ پاکستان میں ہوتی لیکن آپ نے تو اس مسئلے کو رحمن ملک کے سپرد کیا ہوا ہے جس پر قوم تو کیا انکے اپنے گھروالے بھی یقین نہیں کرتے جس طرح ریمنڈ کو چھڑوانے کیلئے پوری امریکی انتظامیہ متحرک ہوگئی تھی آپ بھی اگر اس طرح کوشش کریں تو عافیہ شام سے پہلے واپس آسکتی ہے لیکن جناب تو معاہدے کا رونا رو رہے ہیں ،جناب تسلیوں سے کچھ نہیں ہوگا۔ آپ مشیروںکی بجائے عافیہ کے گھر والوں سے بریفنگ لے لیں اورقوم کی بیٹی کو واپس لانے کی کوشش کریں 5سالوں میںاور کچھ نہیں تو یہی ایک اچھا کام کرجائیں۔
٭....٭....٭....٭....٭