لاہور (سپورٹس رپورٹر) انٹر ریجن/ ڈیپارٹمنٹس انڈر 19 ٹورنامنٹ میں لاہور شالیمار اور کراچی ریجن کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والے میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا۔ ایل سی سی اے گراونڈ میں کھیلے جانے والے اس میچ کے تیسرے روز لاہور شالیمار کی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز 109 رنز تین کھلاڑی آوٹ سے دوبارہ شروع کی۔ کھیل ختم ہونے تک لاہور کی ٹیم نے 9 وکٹوں پر 354 رنز بنا کر اپنی برتری کو 542 رنز تک پہنچا دیا۔ لاہور شالیمار کی جانب سے بیٹنگ میں ایاز الرحمان نے 100، فرحان نذیر نے 92 اور فہد عثمان نے 68 نمایاں رنز بنائے۔ دیگر سنٹرز میں کھیلے جانے والے میچز میں بہاولپور ریجن نے حیدر آباد ریجن کو 9 وکٹوں سے مات دی۔ فیصل آباد نے ملتان ریجن کو 6 وکٹوں سے ہرایا۔ لاہور راوی نے اسلام آباد کے خلاف پانچ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی جبکہ ایبٹ آباد اور راولپنڈی ریجن کے درمیان میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا۔