اس سے قبل جنوبی افریقی ٹیم میزبان ٹیم کے پہلی اننگز کے اسکور پانچ سو پچاس رنز کے جواب میں تین سو اٹھاسی رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی ،اس طرح آسٹریلیا کو مجموعی طور پر دو سو تہتررنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے اور اس کی پانچ وکٹیں ابھی باقی ہیں۔آج تیسرے دن جنوبی افریقانے اپنی پہلی نامکمل اننگزدوسو سترہ رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی، لیکن مہمان ٹیم بیٹنگ میں وہ مزاحمت نہ دکھا سکی جو گزشتہ روز دیکھنے میں آئی اور آسٹریلوی بالرز کی نپی تلی بالنگ کے سامنے وکٹیں گنواتی رہی۔ کپتان گریم اسمتھ ایک سو بائیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، مڈل آرڈر میں فاف ڈوپلیسی کے سوا کوئی بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکا اور پوری ٹیم تین سو اٹھاسی رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ ڈوپلیسی اٹھہتر اور کیلس اٹھاون رنز بنا کر نمایاں رہے۔ آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز کاآغاز ایک سو باسٹھ رنز کی برتری سے کیا لیکن پہلی اننگز کے برعکس مہمان ٹیم دوسری اننگز میں مشکلات کا شکار نظر آئی اورایک سو گیارہ رنز پر پانچ وکٹیں گنوادیں۔ جنوبی افریقا کی طرف سے کلینویلٹ نے تین جبکہ اسٹین اور مورکیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔