لاہور+ قصور (سٹاف رپورٹر+ نامہ نگار) صوبائی دارالحکومت میں ڈکیتی و چوری کی متعدد وارداتوں کے دوران شہریوں کو لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، زیورات، گاڑیوں سمیت دیگر قیمتی سامان سے محروم کر دیا۔ چوہنگ میں ڈاکوئوں نے اسلحہ کی نوک پر نواز سے12لاکھ روپے مالیت کی نقدی اور کار،کاہنہ کے علاقہ میں نیامت سے 7 لاکھ روپے مالیت کی نقدی اور کار، جوہر ٹائون میں زاہد کی فیملی سے 6 لاکھ کی نقدی اور زیورات، نواب ٹائون میں اقبال سے5لاکھ کی نقدی، موبائل، ڈیفنس بی میں یوسف سے 3 لاکھ کی نقدی اور طلائی زیورات، شفیق آباد میں سہیل اور اس کی فیملی سے 2لاکھ کی نقدی اور زیورات، اقبال ٹائون میں 1لاکھ کی نقدی اور موبائل فون، لیاقت آباد میں خادم حسین سے 75ہزار روپے نقدی اور موٹر سائیکل، شمالی چھائونی میں احسن سے 80 ہزار کی نقدی، ہربنس پورہ میں زیب سے 75ہزار روپے کی نقدی، فیکٹری ایریا میں شرید سے 38 ہزار کی نقدی اور موبائل فون، قائداعظم انڈسٹریل سٹیٹ سے 25 ہزار روپے، نشتر کالونی میں فیصل سے 15 ہزار روپے، نصیر آباد میں ارشد سے 13 ہزار کی نقدی اور موبائل فون چھین لئے۔ جوہر ٹائون میں طاہر، اسلام پورہ میںساجد، اقبال ٹائون میں ریاض، ملت پارک میں سراج الحق، سمن آباد میں ارمان، ساندہ میں اعجاز اور شوکت، نواب ٹائون میں عادل، جوہر ٹائون میں سلمان،گارڈن ٹائون میں طیب اور لیاقت آباد میں عدیل خادم کی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں چھین لی گئیں۔ علاوہ ازیں ڈی پی او قصور جواد قمر نے بتایا کہ ڈکیتی، راہزنی اور دیگر سنگین متعدد وارداتوں میں مطلوب ڈاکو نیامت عرف بودی چھانگا مانگا کے نواحی گائوں نواں کوٹ میں اپنے ساتھی ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔ ڈی پی او قصور جواد قمر نے مزید بتایا کہ چھانگا مانگا کے نواحی گائوں نواں کوٹ میں گذشتہ رات سخاوت علی کے گھر 5 ڈاکو داخل ہو گئے اور فائرنگ کر دی جس پر گائوں کے لوگ بھی اسلحہ سمیت آ گئے۔ ڈاکوئوں نے دیہاتیوں کو آتے دیکھ کر اندھادھند فائرنگ شروع کر دی اور بھاگنے کی کوشش کی تو گائوں والوں نے ان کا پیچھا کیا تو ڈاکوئوں کی اپنی فائرنگ سے ان کا ایک ساتھی موقع پر ہی دم توڑ گیا۔