کوئٹہ + چمن (نوائے وقت رپورٹ + نیوز ایجنسیاں) بلوچستان کے علاقے بختیار آباد میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 3 شدت پسند جاںبحق ہو گئے جبکہ 3 ملزموں گرفتار کر لیا گیا، ملزموں سے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کر لیا گیا۔ ادھرسبی کے قریب حساس اداروں اور سکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرکے تباہی پھیلانے کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ ہلاک ہونے والوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ مزید تفتیش سکیورٹی فورسز نے شروع کردی ہے۔ سکیورٹی فورسز ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں کا تعلق بی آر اے سے بتایا جاتا ہے۔ دریں اثناء سبی میں موٹرسائیکل نصب 12 کلو وزنی برآمد کر لیا گیا۔ لیویز ذرائع کے مطابق بم ڈسپوزل سکواڈ نے اسے ناکارہ بنا دیا۔ دریں اثنا قلعہ عبداللہ میں نامعلوم افراد نے ایک بس کو آگ لگا دی۔ ثناء نیوز کے مطابق کوئٹہ سبی روڈ پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے کراچی سے چمن جانے والے نیٹو کنٹینر پر فائرنگ کر دی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم فائرنگ کے نتیجے میں کنٹینر میں آگ بھڑک اٹھی۔این این آئی کے مطابق فارن ایکٹ کے تحت گرفتار 43 افغان باشندوں کی سزائیں پوری ہونے پر پاک افغان سرحد پر افغان حکام کے حوالے کر دیا گیا۔