لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں گذشتہ ہفتے پرچون سطح پر 8 سبزیوں، 10 پھلوں اور فارمی انڈوں کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ایک کلو پیاز کی قیمت 6 روپے اضافے سے 58 روپے، لہسن دیسی 4 روپے اضافے سے 104 روپے، لہسن چائنہ 8 روپے اضافے سے 104 روپے، ادرک چائنہ 9 روپے اضافے سے 179 روپے، کھیرا دیسی ایک روپے اضافے سے 39 روپے، کریلے 24 روپے اضافے سے 84 روپے، شملہ مرچ 14 روپے اضافے سے 94 روپے، بھنڈی 20 روپے اضافے سے 84 روپے، پھلوں میں ایک کلو سیب کالاکولو پہاڑی 5 روپے اضافے سے 90 روپے، سیب مشہدی 5 روپے اضافے سے 55 روپے، کھجور 15 روپے اضافے سے 135 روپے، انار قندھاری 20 روپے اضافے سے 140 روپے، ایک درجن فروٹر 14 روپے اضافے سے 50 روپے، مسمی درجن 6 روپے اضافے سے 66 روپے، ایک کلو جاپانی پھل کی قیمت 5 روپے اضافے سے 55 روپے، گریپ فروٹ فی عدد 2 روپے اضافے سے 15 روپے، ایک کلو امرود 5 روپے اضافے سے 40، گنڈیریاں 6 روپے اضافے سے 30 روپے، ایک کلو انگور ایرانی کی قیمت 20 روپے اضافے سے 170 روپے ہوگئی اور ایک درجن فارمی انڈوں کی قیمت میں 6 روپے اضافہ ہوا اور انکا ریٹ 109 روپے سے بڑھ کر 115 روپے ہوگیا۔ دریں اثناء این این آئی کے مطابق 21 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں ملک میں مہنگائی کی شرح 15 فیصد کی حد پار کرگئی جس سے مہنگائی میں اضافے کا تین سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ ادارہ شماریات پاکستان کی جانب سے جاریکردہ رپورٹ کے مطابق 21 نومبر کو اختتام پذیر ہونیوالے ہفتے کے دوران مہنگائی کی مجموعی شرح میں 0.9 فیصد کا اضافہ ریکارڈکیا گیا جس کے بعد مہنگائی میں اضافے کی شرح 15.5 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ ملک بھر میں بیشترخوردنی اشیاء اپنی بلند ترین قیمت پر فروخت ہورہی ہیں۔ ٹماٹر 120 روپے فی کلو، آلو 100 روپے اور پیاز 60 روپے کلو فروخت کی جارہی ہے۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران آلو، فارمی انڈا، تازہ دودھ، ایل پی جی، چینی، دال ماش ، دال مسور اورگندم سمیت 28 اشیائے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔