لاہور + مانگا منڈی (سٹاف رپورٹر + نامہ نگار) مانگا منڈی کے علاقہ میں چارسدہ سے پسند کی شادی کرکے لاہور آنیوالے میاں بیوی کو گلے میں پھندا ڈال کر قتل کر دیا گیا، مقتولین چند روز قبل لاہور آئے تھے۔ معلوم ہوا ہے کہ پشاور کے علاقہ چارسدہ کے رہائشی 24سالہ یاسین نے کچھ عرصہ قبل گائوں کی رہائشی 22سالہ نبیلہ نامی لڑکی سے پسند کی شادی کر لی تھی اور ملتان روڈ پر کمہارانوالہ واڑہ میں کرائے کے کوارٹر میں رہنے لگے جہاں گزشتہ روز نامعلوم افراد نے گلے میں پھندا ڈال کر دونوںکو قتل کر دیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے نعشیں قبضہ میں لیتے ہوئے پوسٹمارٹم کے لئے مردہ خانے جمع کروا دیں میاں بیوی پشاور کے علاقہ چارسدہ کے رہائشی تھے اور مقتول یاسین ایک مقامی فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا جبکہ مقامی فیکٹری کے ٹھیکیدار احتشام کا کہنا ہے کہ مقتول یاسین11نومبرکو آیا اور فیکٹری میں ملازمت کرنے کے لئے کہا میں نے اسے اپنے پاس ملازمت پر رکھتے ہوئے رہائش کے لئے کوارٹر بھی کرائے پر لے کر دیا جہاں دونوں میاں بیوی رہ رہے تھے۔ وقوعہ سے ایک روز قبل یاسین ان سے فیکٹری میں کہنے لگا کہ گائوں چارسدہ سے اس کا چچا زاد کزن آرہا ہے جس پر یاسین کو دکان سے کچھ ادھار سودا لے کر دے دیا دوسرے روز جب یاسین فیکٹری کام پر نہ آیا تو ہم نے اس کے موبائل فون پر مسلسل رابطہ کیا اور فون نہ سننے پر ہم اس کے کوارٹر پر گئے، جہاں دونوں میاں بیوی کی نعشیں الگ الگ چارپائی پر پڑی تھیں۔ نامہ نگار کے مطابق فیکٹری سے فارغ ہوکر وہ اپنے کوارٹر میں سوئے ہوئے تھے کہ صبح جب فیکٹری نہ پہنچے تو ساتھی فیکٹری ملازمین انہیں فون کرتے رہے مگر جب فون پر بات نہ ہوئی تو وہ کوارٹر پر آئے تو دیکھا کہ دونوں قتل ہوچکے تھے۔ مانگا منڈی پولیس نے اطلاع پر دونوں نعشوں کو قبضہ میں لے کر تفتیش شروع کردی۔